انڈیا گیٹ چھتری میں نیتا جی کے ہولوگرام مجسمے کی ہوگی نقاب کشائی

Reading Time: 2 minutes

انڈیا گیٹ گول چکر پر واقع تاریخی چھتری میں 23 جنوری 2022 کو نیتا جی سبھاش چندر بوس کے یوم پیدائش پر ان کی ہولوگرام مجسمے کی نقاب کشائی کی جائے گی وزیر اعظم نریندر مودی نے ٹوئٹ کرکے وہاں نیتا جی کا گرینائٹ مجسمہ بنانے کا اعلان کیا تھا۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے اپنے ٹویٹ میں لکھا کہ ’ایسے موقع پر جب پوری قوم نیتا جی کی 125 ویں یوم پیدائش منا رہی ہے، تب مجھے یہ بتاتے ہوئے بہت خوشی ہو رہی ہے کہ انڈیا گیٹ پر گرینائٹ سے بنا ان کا عظیم الشان مجسمہ نصب کیا جائے گا۔ یہ ان کے تئیں انڈیا کے شکر گزاری کی علامت ہوگی‘۔

ٹویٹر پر اعلان کرتے ہوئے مودی نے کہا کہ یہ ہولوگرام مجسمہ اس وقت تک موجود رہے گا جب تک وہاں نیتا جی کا عظیم الشان مجسمہ نصب نہیں ہو جاتا۔ اس سلسلے میں وزیر اعظم نے ایک اور ٹویٹ میں لکھاکہ ’جب تک نیتا جی کا عظیم مجسمہ مکمل نہیں ہوتا، ان کا ایک ہولوگرام مجسمہ اسی جگہ رہے گا۔ میں اس ہولوگرام مجسمے کی نقاب کشائی 23 جنوری کو نیتا جی کے یوم پیدائش پر کروں گا‘۔ اس کے ساتھ انہوں نے چھتری کے نیچے گرینائٹ اور ہولوگرام کے مجسموں کی تصویریں بھی شیئر کی ہیں۔

سرکاری اطلاع کے مطابق انڈیا گیٹ پر نصب کیا جانے والا مجسمہ 28 فٹ کا ہوگا۔ اس سے پہلے انڈیا گیٹ کی تاریخی چھتری کے نیچے برطانیہ کے بادشاہ جارج پنجم کا مجسمہ ہوا کرتا تھا۔ اسے 1968 میں حکومت نے وہاں سے ہٹا دیا تھا۔

ہندوستان اس سال آزادی کی 75 ویں سالگرہ کے موقع پر آزادی کا امرت مہوتسو منا رہا ہے۔

(یو این آئی ان پٹ)