ممبئی 26/11 حملوں کی برسی، پوری قوم کی طرف سے فوج کی بہاردی کو سلام

Reading Time: 2 minutes

ممبئی میں 26/11 حملوں کی 13ویں برسی  کے موقع پر ملک بھر میں سیاسی رہنماووں اور عوام نے شہید فوجیوں اور دیگر مہلوک افراد کے خاندان کو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔ صدر جمہوریہ ہند رام ناتھ کووند (Ram Nath Kovind) نے جمعہ کو کہا کہ پوری قوم سیکورٹی فورسز کی بہادری اور قربانی کے لئے ہمیشہ شکر گزار رہے گی جنہوں نے 13 سال قبل 26/11 ممبئی دہشت گردانہ حملوں کے دوران اپنی جانیں قربان کیں۔

انہوں نے ٹویٹ کیا کہ ’’شہیدوں کو میرا دلی خراج عقیدت اور 26/11 #MumbaiTerrorAttacks کے متاثرین کو خراج عقیدت پیش ہے‘‘۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے جمعہ کو کہا کہ ’’ہندوستان 2008 کے ممبئی دہشت گردانہ حملوں کے زخموں کو فراموش نہیں کر سکتا‘‘۔ مودی نے ہندی میں بات کرتے ہوئے کہا کہ ’’بھارت ممبئی حملوں کے زخم نہیں بھول سکتا۔ آج کا ہندوستان ایک نئی پالیسی اور نئے طریقوں سے دہشت گردی کا مقابلہ کر رہا ہے۔

کانگریس لیڈر راہول گاندھی (Rahul Gandhi) نے سیکورٹی فورسز کا شکریہ ادا کرتے ہوئے انھیں خراج عقیدت پیش کیا اور ان حملوں میں جان گنوانے والوں کی تصویروں کا دو منٹ کا ویڈیو شیئر کیا۔

’’فوجی نامساعد حالات میں خاندان سے دور سرحد پر رہ کر ملک کی حفاظت کرتے ہیں، دہشت گرد حملے کے دوران اپنی جان خطرے میں ڈال کر معصوموں کو بچاتے ہیں۔ وہ اپنی جان کی پرواہ کیے بغیر دنیا کی پرواہ کرتے ہیں۔ ہمارا جوان پورا خاندان، گاؤں اور قوم کے لیے فخر ہے‘‘۔ انہوں نے ٹویٹ کیا کہ 26/11 #MumbaiTerrorAttacks کے ہیروز کو سلام‘‘۔

دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال (Arvind Kejriwal) نے بھی خراج عقیدت پیش کیا۔ انھوں نے کہا کہ ’’میں اپنے بہادر سپاہیوں کی لازوال شہادت کو خراج عقیدت پیش کرتا ہوں جنہوں نے 26/11 ممبئی حملے میں اپنی جانیں نچھاور کیں اور قوم کی خدمت کی۔ ملک ہمیشہ اپنے بہادر شہدا کا مقروض رہے گا‘‘۔